ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر: نائب وزیر اعلی اجیت پوار کو بے نامی جائیداد کیس میں کلین چٹ

مہاراشٹر: نائب وزیر اعلی اجیت پوار کو بے نامی جائیداد کیس میں کلین چٹ

Sat, 07 Dec 2024 12:02:36  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 7/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) رہنما اجیت پوار کو بڑی راحت ملی ہے۔ 2021 کے بے نامی جائیداد کیس میں ان کی تمام جائیدادیں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی طرف سے کلیئر کر دی گئی ہیں۔ دہلی میں بے نامی پراپرٹی ٹرانزیکشن اپیل ٹریبونل نے ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف بے نامی جائیداد کی ملکیت کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

یہ کیس 7 اکتوبر 2021 کا ہے، جب محکمہ انکم ٹیکس نے کئی کمپنیوں پر چھاپے مارے جس میں کچھ دستاویزات برآمد ہوئے جن میں مبینہ طور پر اجیت پوار اور ان کے خاندان سے بے نامی کی ملکیت والی کچھ جائیدادوں کو جوڑا گیا تھا۔ تاہم ٹربیونل نے ان دعوؤں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ الزامات کو ثابت کرنے کے لیے کافی شواہد موجود نہیں ہیں۔

اجیت پوار، ان کی بیوی سنیترا اور بیٹے پارتھ اجیت پوار کی نمائندگی کرنے والے وکیل پرشانت پاٹل نے ٹریبونل کے سامنے دلیل دی کہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا ہے۔ ایڈوکیٹ پاٹل نے بینامی ٹرانزیکشن ایکٹ کی اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے ٹریبونل کو وضاحت کی کہ پوار خاندان بے قصور ہے اور انہیں بغیر کسی ثبوت کے کارروائی میں نہیں گھسیٹا جا سکتا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2021 میں، حکام نے بے نامی ایکٹ کے تحت 1,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی جائیداد ضبط کی تھی۔ اس کارروائی میں مہاراشٹرا اور ممبئی میں اجیت پوار سے وابستہ لوگوں کی رہائش گاہوں اور دفاتر کی تلاشی لی گئی، بشمول ان کے رشتہ دار، بہنیں اور قریبی ساتھی۔ تاہم ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے کوئی بھی جائیداد براہ راست این سی پی لیڈر کے نام پر رجسٹرڈ نہیں ہے۔


Share: